پاکستان اسٹاک : کے ایس ای 100انڈیکس میں 226.15 پوائنٹس کی کمی

235

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو کاروبار حصص میں مندی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 48200پوائنٹس اور 48100 پوائنٹس سے نیچے گر گیا ،کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ سرمائے میں37ارب33کروڑ روپے سے زائد کا خسارہ ہوا جبکہ کاروباری حجم بھی گزشتہ جمعہ کے مقابلے میں زیادہ رہا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیرکو کاروبارکا آغاز مثبت زون میں تاہم گزرتے وقت کے ساتھ سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کے حصول کے لیے شیئرز کی فروخت سے کاروبار مندی کی جانب چلا گیااورکاروبار کے اختتام پر دو نفسیاتی حدوں سے گر کر انڈیکس48000پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو کے ایس ای 100 انڈیکس میں 226.15 پوائنٹس گھٹ کر 48012.52 پوائنٹس ہو گیا۔کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس86 پوائنٹس کے خسارے سے 19339.65 پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 146.19پوائنٹس کی کمی سے 32723.04 پوائنٹس اورکے ایم آئی 30 انڈیکس 522.99 پوائنٹس کی کمی کے بعد 78680.08 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مندی کے سبب مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 37 ارب 33 کروڑ 44 لاکھ19ہزار232روپے بڑھ کر 83 کھرب 57 ارب 34 کروڑ 21 لاکھ 29 ہزار 278 روپے ہو گیا۔ مارکیٹ میں پیر کو 83 کروڑ 91 لاکھ 86ہزار 587حصص کے سودے ہوئے جبکہ گزشتہ جمعہ کو 75کروڑ5لاکھ 61ہزارشیئرز کا کاروبار ہوا تھا۔ مارکیٹ میں پیر کو مجموعی طور پر 411 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 163 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 233 میں کمی اور 15کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔