زرعی درآمدات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے،شاہد رشید

57

اسلام آباد(کامرس ڈیسک )تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ زرعی درآمدات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے جو دنیا کا بہترین نہری نظام رکھنے والے ملک میں حیران کن ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلہ میں زرعی درامدات میں تین فیصد اضافہ ہوا ہے اور اگر اس شعبہ کو توجہ نہیں دی گئی تو درامدات میں اضافہ ہو گا۔شاہد رشید بٹ نے ایک بیان میں کہا کہ نعروں اور اعلانات سے زرعی شعبہ ترقی نہیں کرے گا۔ اس کے لیے ٹھوس پالیسیوں کی ضرورت ہے ورنہ درآمدات پر انحصار کھانے پینے کی اشیاء کی قیمت ان کا درآمدی بل اورتجارتی خسارہ بڑھتا چلا جائے گا۔سال رواں کے ابتدائی گیارہ ماہ ساڑھے سات ارب ڈالر سے زیادہ کی اشیائے خورد و نوش درآمد کی گئی ہیں جس میں گندم چینی کپاس دالیں پام آئل چائے، دودھ اور اسکی مصنوعات شامل ہیںجبکہ سال کے اختتام تک کپاس کا درآمد بل کم از کم دو ارب ڈالر ہو گا جس سے مجموعی زرعی درآمدات ساڑھے نو ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔