خودکشی و دیگر واقعات میں 7افراد جاں بحق

155

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں ہونے والے مختلف حادثات وواقعات میں 7 افرا د جاں بحق اور 5زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر10 کی فقیرکالونی شاہ محلے میں گھر کے اندر ہونے والی فائرنگ کے واقعے میں 40 سالہ گلناززوجہ جاوید جاں بحق جب کہ اس کا بھانجا 20 سالہ جواد شاہ ولد سید شاہ زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی اور جاں بحق ہونے والی خاتون کی لاش اور زخمی کو طبی امداد کیلیے عباسی اسپتال منتقل کردیا ۔ایس ایچ او مومن آباد وسیم کے مطابق فائرنگ زین نامی شخص نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر کی اور فرار ہوگئے ،،ایس ایچ او کے مطابق مقتولہ اور زخمی نوجوان آپس میں خالہ اور بھانجا ہیں۔فیڈرل بی ایریا بلاک 15میں رہائش پذیر 60سالہ دلا ولد حسین کی لاش برآمد ہوئی۔ سہراب گوٹھ کے نورخان گوٹھ میں گھرمیں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 14سالہ پرویز ولد رضا جاں بحق ہوگیا۔جیکسن تھانے کی حدود میں جنگل شاہ ایریا میں رینجرز ہیڈکوارٹرز کے قریب نامعلوم افرا د نے فائرنگ کر کے 32سالہ ناصر ولد احمد شاہ کو قتل کردیا اورفرار ہوگئے ۔گلستان جوہربلاک 18 میں واقع ایک کثیر المنزلہ رہائشی عمار ت کی چھت سے گرنے کے باعث فریدہ نامی 35سال خاتون جاں بحق ہوگئی ۔اہل خانہ کے مطابق متوفیہ نے خودکشی کی ہے۔کیماڑی بدری گرائو نڈ کے قریب سمندر سے ڈوبی ہوئی 40سالہ نوجوان کی لاش ملی۔شیر شاہ پنکھاہوٹل کے قریب سے60سالہ شخص کی لاش ملی ۔ ملیر بکراپیڑی روڈ پر مسلح رہزنوں جانوروں کی خریداری کے لیے آنے والے20سالہ نوجوان حمید ولد مہر سے لوٹ مار کی کوشش کی اور مزاحمت پر گولیاں مار کر زخمی کردیا ،نارتھ ناظم آباد بلاک بی میں موٹر سائیکل سوار مسلح رہزنوں نے ایک شہری سے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی کوشش کی اور مزاحمت کرنے پراندھادھند فائرنگ شروع کردی جس کی زد میں آکر 2 راہ گیر حا رث اور طاہر زخمی ہوگئے ۔ شاہ لطیف ٹائون میں واقع صالح محمد گوٹھ میں گھر کی چھت پرکھڑی 60سالہ زولیخا بی بی نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہوگئیں۔ عزیز آباد محمدی کالونی میں مسلح رہز نوں کی فائرنگ سے فوڈ پانڈا کا ملازم عماد ولد اقبال زخمی ہوگیا۔