دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 17 کروڑ 92 لاکھ سے تجاوز کرگئی

223

جنیوا: دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 17 کروڑ 93 لاکھ 19 ہزار 16 ہوگئی، اموات 38 لاکھ83 ہزار 377 تک جاپہنچی ہیں جبکہ اس سے متاثر 16 کروڑ 38 لاکھ 77 ہزار 437 افراد صحت یاب ہوچکےہیں۔

عالمی ویب سائٹ ورلڈومیٹر کے مطابق  کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 15 لاکھ 58 ہزار 159 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 82 ہزار 581 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 16 کروڑ 38 لاکھ 77 ہزار 437 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

بھارت میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں کمی کا رجحان دیکھا جارہا ہے، 24 گھنٹوں میں 53 ہزار نئے کیس اور1ہزار 422 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

چین کے صوبے گوانگ ڈونگ کے ایک اور شہر ڈونگ گوآن میں 2 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کووڈ 19 کی وباء پھوٹنے کے خدشے کے پیش نظر شہر بھر میں بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ شروع کردی گئی ہے۔

مقامی انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو غیر ضروری باہر نہ نکلنے کی ہدایت کردی گئی ہے ، ذرائع کے مطابق صوبے گوانگ ڈونگ میں کورونا کی ڈیلٹا ویرنٹ کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

انڈونیشیا میں کورونا کیسز میں تیزی آنے پر کل سے پابندیوں میں 2 ہفتوں کیلئے توسیع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، دفاتر میں ملازمین کی تعداد کم کرنے اور مذہبی سرگرمیاں بھی روکنے کا حکم دے دیا گیا۔

اس کے علاوہ برازیل میں کورونا 5 لاکھ سے زائد جانیں لے چکا ہے، مرنے والوں کی یاد میں ساحل پر سرخ گلاب لگائے گئے۔

ورلڈومیٹر کے مطابق  سعودی عرب اسی فہرست میں 44 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے جہاں کورونا وائرس سے اب تک کل اموات 7 ہزار 6677 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ مملکت میں کورونا مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 74 ہزار 191 تک جا پہنچی ہے۔

ایک ارب 43 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک چین میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا، چین اس فہرست میں 100 نمبر پر پہنچ چکا ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد 91 ہزار 604 ہو چکی ہے جبکہ کُل ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 636 پر رکی ہوئی ہے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 907 کیسز سامنے آئے ہیں اور مزید 30 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ مزید 829 مریض شفایاب ہوگئے ہیں۔