میکسیکو میں امریکی سرحد کے قریب فائرنگ، 18 افراد ہلاک

301

میکسیکو اور امریکا کی سرحد کے قریب مسلح افراد کے حملے میں کم ازکم 18 افراد ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سرحد کے قریب واقع میکسیکو کے شہر رینواز میں گاڑیوں میں سوار مسلح افراد کے گروہ نے ملحقہ علاقوں میں اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

بھاری اسلحے سے لیس حملہ آوروں نے امریکی سرحد کے قریب شمالی حصوں میں داخل ہوکر وہاں موجود لوگوں پر گولیاں چلا دیں جس کے نتیجے میں ٹیکسی ڈرائیور، مزدور، نرسنگ طالب علم سمیت 18 افراد ہلاک ہوگئے۔

سیکورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ میں 4 حملہ آوروں کو ہلاک اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ فوجی دستے، پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کے اہل کاروں کو متاثرہ علاقے میں تعینات کر کے حالات پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

خونریزی کے اس واقعے کے بعد شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے، لوگ گھروں تک محدود ہیں اور خوف کا عالم ہے۔

گزشتہ دو برس میکسیکو کے لیے خونریزی اور ہلاکتوں کے لحاظ سے انتہائی بدترین رہے۔ سن 2019ء میں قتل کے 34,681 واقعات اور سن 2020ء میں 34,554 واقعات ریکارڈ کیے گئے۔