پارٹی کیخلاف الیکشن لڑنے والوں کو عہدے دیے گئے، عمر پنہور

248

دادو (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول زرداری کی جانب سے تحصیل دادو صدر ایم عمر پنہور کو ہٹا کر ضلع ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری تعینات کردیا جبکہ شمس الدین بابن پنہور کو تحصیل صدر دادو تعینات کرنے کے بعد پیپلز پارٹی سینئر ورکر ایم عمر پنہور اپنے حمایتی گروپ کے احمد نواز سولنگی، لائق سولنگی، ندیم پنہور منظور کھوسو اور دیگر سیکڑوں کارکنان کے ہمراہ ریلی نکال کر پریس کلب کے سامنے دھرنا دے دیا۔ اس موقع پر ایم عمر پنہور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینئر ورکرز کو دیوار سے لگایا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی مخالف الیکشن لڑنے والوں کو پارٹی میں عہدے دیے گئے ہیں۔ مظاہرین رہنماؤں نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ دادو کے تنظیمی معاملات پر کمیٹی تشکیل دے کر ایسے فیصلوں کی جانچ کرائی جائے اور سینئر ورکرز کے عہدوں پر پارٹی کیخلاف الیکشن لڑنے والے لوگوں کو عہدے دے کر نا صرف پارٹی کو تحصیل دادو میں کمزور کیا گیا ہے، پارٹی مخالفت رکھنے والے عہدیداروں کو ہٹایا جائے۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی ضلع دادو صدر ایم این اے رفیق احمد جمالی کے ترجمان ممتاز جوکھیو کی جانب سے پریس ریلیز میں مؤقف اپنایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ضلع دادو کے عہدوں کا فیصلہ چیئرمین بلاول زرداری اور سندھ صدر کا ہے کوئی بھی پارٹی چیئرمین کے فیصلے سے انحراف کرے گا تو پارٹی کا غدار لکھا جائے گا۔