تمام حکومتیں اور نظام مسائل کے حل میں ناکام ہوچکے،جماعت اسلامی سندھ

142

سکھر/کراچی(نمائندہ جسارت / اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ تمام حکومتیں اور نظام عوامی مسائل کے حل میں ناکام ثابت ہوچکے ہیں،اب اسلامی نظام و دینی جماعتوں کو موقعہ ملنا چاہیے۔ بلدیاتی انتخابات نہ ہونے کی وجہ سے کراچی حیدرآباد سکھر سمیت سندھ کے بڑے شہر کچرا کنڈی و مسائل کا شکار ہیں جبکہ عوام اپنے بنیادی حق سے بھی محروم ہیں۔ ذمہ داران مایوس کن حالات میں امید کی شمع روشن کریں اور عوام کو یقین دلائیں کہ ملک میں حقیقی تبدیلی صرف جماعت اسلامی ہی لاسکتی ہے۔ بلدیاتی الیکشن کی تیاری اور قوم کو اہل و دیانتدار قیادت منتخب کرنے کا موقع دیں تاکہ عوام کے بنیادی مسائل حل ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہران مرکز سکھر میں جماعت اسلامی کے ضلعی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں شریک ضلعی، مقامات اور تحصیل کے امراء نے کارکردگی رپورٹ پیش کی جبکہ مختلف دعوتی و تنظیمی امور کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے۔اسلام و پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ لازم و ملزوم ہیں۔ جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے جو کہ اپنے قیام کے روز اول سے غلبہ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ اس موقع پر صوبائی نائب قیم عبدالحفیظ بجارانی، مولانا حزب اللہ جکھرو اور امیر ضلع ایڈووکیٹ سلطان احمد لاشاری نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثناء انہوں نے برادر تنظیمات جمعیت طلبہ عربیہ، جے آئی یوتھ، اسلامی جمعیت طلبہ کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب اور الخدمت لیبارٹری کا دورہ بھی کیا۔صوبائی امیر نے برادر تنظیمات کے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ بیاقامت دین کی جدوجہد میں تحریک اسلامی کے ہراول دستے کا کردار ادا کریں۔ دنیا میں سب سے بڑا انقلاب آپ ؐ لائے جس کے ساتھ نوجوان تھے۔ تحریک پاکستان میں بھی قائد اعظم رح کے ساتھ نوجوانوں نے اہم کردار ادا کیا۔