ایف بی آر کو نیب اختیارات دینے سے ریوینیو نہیں ہراسانی بڑھے گی،مفتاح اسماعیل

324

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ جنرل سیکرٹری اور سابق وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت ایف بی آر کو نیب بنا رہی ہے‘ گرفتاری کے اختیارات سے ریونیو نہیں بلکہ ہراسانی کے واقعات بڑھیں گے‘ امریکا کے ذریعے آئی ایم ایف سے شرائط منوانا قوم کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوگا‘ شہباز شریف نے عمران خان کو یوٹرن کرادیا ہے‘ آنے والے دنوں میں پیٹرولیم منصوعات مزید مہنگی ہوںگیں‘ان کی قیمتوں میں27 روپے اضافہ کرنے سے اشیا خوردنوش کی قیمتوں میں بے تحاشہاضافہ ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوارکو مسلم لیگ ہائوس کارساز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پران کے ہمراہ مسلم لیگی رہنما خواجہ طارق نذیر، علی اکبر گجر، ناصر الدین محمود، ندیم آرائیں، طارق محمود، علامہ فرقان شیخانی اور دیگر بھی موجود تھے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک نے قرضے دینے بند کر دیے ہیں‘ ملازمین کے الائونس سے ٹیکس لینے کی مذمت کرتے ہیں‘ حکومت میڈیکل الائونس کی مد میں ٹیکس لے رہی ہے‘حکومت کی ترجیحات تنخواہ دار اور کاروباری شخصیات کے لیے الگ الگ ہیں‘ تمام صوبوں سے 11 ارب روپے سرپلس آ رہا ہے‘ 570 ارب کے تخمینے پر حکومت کو غور کرنا چاہیے‘ ملازمین کے الائونس سے ٹیکس کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کو یہ پاور نہیں دینا چاہیے‘ اس اقدام سے بزنس مین ہراساں ہوںگے‘ کاروباری طبقہ پہلے ہی بجلی اور گیس کے نرخ کے نیچے دبا ہوا ہے‘ ایف بی آر میں 700 ارب روپے کے ٹیکس انکم ریٹرن موجود ہیں‘ وہ آج تک واپس نہیں دیے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک نے قرضے دینے بند کر دیے ہیں‘ ورلڈ بینک نے 600 ملین ڈالر جو دینے تھے ‘ وہ روک دیے ہیں‘ آئی ایم ایف سے حکومت کو بات کرنی چاہیے‘ آئی ایم ایف کا پروگرام منقطع ہو گیا ہے‘ ایشین ڈیولپمنٹ بینک نے فنڈ روک دیے ہیں‘ حفیظ شیخ کا وعدہ تھا کہ بجلی کی قیمتیں بڑھائیں گے‘ہم بجلی کی قیمتیں نہیں بڑھانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ پر شہباز شریف کے کہنے پر حکومت نے یو ٹرن لے لیاہے‘ عام آدمی کی آمدن میں کمی اور اخراجات میں اضافہ ہوا ہے‘ ماہانہ 17فیصد مہنگائی ہوگی تو غریب آدمی کا کیا ہوگا‘ عمران خان نے ا حتساب کے عمل کو نقصان پہنچایا ہے۔