زرداری مافیا اور درباری سندھ کا پانی چوری کررہے ہیں،حلیم عادل

134

کراچی (اسٹاف رپورٹر)قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سندھ حکومت پانی کے معاملے پر سندھ کے عوام کے حقوق غصب کررہی ہے، آج سندھ کو اس کے حصے سے زیادہ پانی مل رہا ہے،لیکن سندھ میں زرداری مافیا اور درباری سندھ کا پانی چوری کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سندھ کے خدشات پر سنجیدگی سے اپنا کردار ادا کیا، وزیراعظم کی جانب سے پانی معاملے پر بنائی گئی کمیٹی سے سندھ حکومت فرار ہوچکی، ارسا نے جب نیوٹرل انسپکٹرز مقرر کرنے کا کہا تو سندھ حکومت وہاں سے بھی بھاگ گئی، پنجاب کی ٹیم جب گڈو بیراج پر معائنے کے لیے پہنچی تو آبپاشی کا عملہ فرار ہوگیا ۔ حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ سچ کڑوا ہوتا ہے ،سچ پرمبنی باتیں سننا پی پی اور ن لیگی لیڈرز کی قوت برداشت سے باہر ہے، پیٹھ دکھاکر بھاگنا دونوں جماعتوں کا شیوا ہے۔