عالمی برادری افغان تنازع فوری حل کرائے ،پاکستان

160

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)پاکستان نے کہا ہے کہ عالمی برادری افغان تنازع فوری حل کرے۔عالمی یوم پناہ گزین کے موقع پر اپنے پیغام اور امریکی وافغان ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ عالمی برادری افغان مسئلہ کے دیرپا سیاسی حل کے لیے کاوشیں تیز کرے، پرامن تصفیہ سے 30لاکھ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کی راہ ہموار ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کابل ائرپورٹ کی سیکورٹی ترکی کو دینے کی تجویز پر طالبان اور افغان حکومت کو اعتمادمیں لینے کی ضرورت ہے۔ شاہ محمود قریشی کے بقول پاکستان آج کے دن کے مناسبت سے عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے، کورونا وباکے باعث عوامی صحت، سماجی و معاشی چیلنجز کے پس منظر میں یہ دن منایا جا رہا ہے، موجودہ چیلنجز نے بوجہ تشدد اور تنازعات، بے گھر افراد کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ اپریل میں افغان امن سے متعلق کانفرنس کی تجویز کے بعد میں نے ترک اور افغان وزرا کے ساتھ سہ فریقی اجلاس کے لیے استنبول جانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ امن عمل کے سلسلے میں بات چیت کی جائے ۔انہوںنے کہا کہ کانفرنس ایک اچھا اقدام ہے جس کی پاکستان حمایت کرتا ہے ۔ افغان صدر اشرف غنی کے دورہ امریکا کے بارے میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دونوں رہنمائوں کے درمیان مثبت اور تعمیر ملاقات ہوگی اور کوئی الزام ترشی نہیں ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان گہرے تعلقات ہیں اور ممالک کے عوام ایک دوسرے سے گہرا لگائو رکھتے ہیں۔ آذری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دو طرفہ تعلقات ہیں اور آذری ہم منصب کے دورے اسلام آباد کے دوران باہمی تعلقات کے مستقبل پر تبادلہ خیال کا حوالہ دیا ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ ناگورنوکاراباخ جنگ میں فتح ملنے کے بعد آذربائیجان کے ساتھ پاکستانی پرچم بھی لہرایا گیا۔