سندھ میں جمہوریت کے نام پر ڈکٹیٹر شپ ہے،مراد علی شاہ مستعفی ہوجائیں،وفاقی حکومت

170

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ سندھ میں جمہوریت کے نام پر ڈکٹیٹرشپ ہے،عدالت عظمیٰ کے ریمارکس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مستعفی ہوجائیں۔ان کے بقول سندھ کے سب سے بڑے دشمن اس وقت صوبے پر راج کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات نے اتوارکو کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کراچی پریس کے صدرفاضل جمیلی،سیکرٹری محمدرضوان بھٹی، جوائنٹ سیکرٹری ثاقب صغیربھی موجود تھے۔فواد چودھری نے دعویٰ کیا کہ جو پیسہ بھی سندھ سرکار کو دیتے ہیںوہ دبئی سے برآمد ہوتا ہے، لانچوں اور جعلی اکاؤنٹس سے پیسہ باہر جاتا ہے جس کے باعث کراچی کو بجٹ میں حصہ بقدرِ جثہ نہیں ملتا۔وفاقی وزیر کی جانب سے سندھ کو دیے جانے والے پیسے کی نگرانی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔انہوں کہا کہ وزیراعلیٰ پانی کا ریکارڈ مانگنے پر بھاگ رہے ہیں ، سندھ کے وڈیرے پانی چوری کرتے ہیں اور الزام پنجاب پر لگاتے ہیں، یہاں آصف زرداری، فریال تالپور اور وزیراعلیٰ کی زمینوں کاپانی کیوں چوری نہیں ہورہا، عوام کو ان کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے۔فواد چودھری نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی نے آخری الیکشن جیت لیا، سندھ میں اگلی حکومت پی ٹی آئی کی ہوگی، اگلے الیکشن میں عمران خان خودسندھ میں مہم چلائیں گے۔وفاقی وزیرنے دوران گفتگو اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ افسوس ہے کہ انتخابی اصلاحات پر شہباز شریف نے پارلیمنٹ کے باہر بات کرنے کا فیصلہ کیا، وجہ یہ ہے کہ شہباز شریف کا پارٹی پر کنٹرول نہیں رہابلکہ فیصلے مریم نواز کرتی ہیں۔فواد چودھری نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمن جیسے لوگ چاہتے ہیں کہ سسٹم نہ چلے، اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے، شہباز شریف کبھی بلاول تو کبھی مولانا کا کندھا استعمال کرتے ہیں۔