ریسٹورنٹ مالکان کا وزیر اعظم کو خط‘ ڈائننگ کھولنے کا مطالبہ

263

کراچی (اسٹاف ر پورٹر)ریسٹورنٹ مالکان نے حکومت اور این سی او سی سے ڈائننگ کھولنے کا مطالبہ کردیا۔آل کراچی ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کا وزیر اعظم پاکستان کو خط،حکومت ریسٹورنٹ اور ہوٹلنگ کے شعبے کو صنعت کا درجہ دے، ٹورزم کو ہوٹلنگ کے بغیر ترقی نہیں دی جاسکتی ہے،ریسٹورنٹ کے لیے خصوصی مراعات کا اعلان کیا جائے۔ اسد حنیف اور فیضان راوت کی آرمی چیف ، وزیر اعظم اور سربراہ این سی او سی سے درخواست۔ تفصیلات کے مطابق آل کراچی ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین اسد حنیف اور جنرل سیکریٹری فیضان راوت نے گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان عمران خان ،آرمی چیف اور سربراہ این سی او سی کو خصوصی خطوط کے ذریعے درخواست کی ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے15 ماہ تک جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے سب سے زیادہ ریسٹورنٹ کا شعبہ متاثر ہوا ہے اور 60 فیصد سے زائد ریسٹورنٹ کا کاروبار بند ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کورونا کی صورتحال نہ صرف کنٹرول میں ہے بلکہ لوگ تیزی سے ویکسین بھی لگوا رہے ہیں اور موجودہ حالات میں جس طرح حکومت اور این سی او سی کی جانب سے ان ڈور مالز، گروسری اسٹورز، اسینسز فلائٹ اور نادرا دفاتر کو ایس او پی کے تحت کھولنے کی اجازت دی گئی ہے اس طرح ریسٹورنٹ اور ہوٹلوں میں ڈائننگ کی اجازت دی جائے ۔اسد حنیف اور فیضان راوت نے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میںدرخواست کی ہے کہ اس وقت موسم گرما کی شدید حبس اور بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی وجہ سے آؤٹ ڈور یا ڈائن آوٹ کسی صورت میں ممکن نہیں ہے جبکہ 60 فیصد سے زائد ریسٹورنٹ کا انحصار صرف ڈائننگ پر ہے جبکہ ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاری بھی اس میں موجود ہے لہٰذا حکومت ریسٹورنٹ کے مطالبات پر انہیں ان ڈور کھانے کی اجازت دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان میں ٹورزم کی صنعت کو فروغ دینا چاہتے ہیں اور سیرو سیاحت میں اضافے کے لیے بھر پور اقدامات کیے جارہے ہیں جبکہ ٹورزم کی ترقی کے لیے ریسٹورنٹ اور ہوٹلنگ کی ترقی لازمی و ملزوم ہے لہٰذا حکومت ریسٹورنٹ اور ہوٹلنگ کے شعبے کو صنعت کا درجہ دے کر اسے مراعات کا اعلان کرے ، اس سے حکومت کو ملنے والے ٹیکس ریونیو میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو سکے گا اور ٹورزم کو ترقی دینے میں مدد ملے گی۔