اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے چیئرمین نادرا کی تنخواہ پر تحفظات

187

اسلام آباد(صباح نیوز)اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نادرا کے چیئرمین کی تنخواہ پر تحفظات کا اظہار کردیا۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے چیئرمین نادرا کی تنخواہ 20 ہزارڈالرکرنے کی سمری کابینہ کوبھجوائی تھی جس پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے چیئرمین نادرا کی تعیناتی کے بارے میں سیکرٹری داخلہ کو مراسلہ بھیج دیا۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نادرا کی تعیناتی اورتنخواہ نادرا آرڈیننس کے رول9 سیکشن 33 کے زمرے میں آتی ہے، نادرا آرڈیننس سے متصادم رولزنہیں بنائے جاسکتے، وزارت داخلہ اس معاملے کو وزارت قانون و انصاف سے اٹھا سکتی ہے، اس حوالے سے حتمی منظوری کی اتھارٹی وفاقی کابینہ کے پاس ہی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تقرر کے عمل اور تقررکے پینل پر کسی قسم کا اعتراض نہیں اٹھایا، وزارت داخلہ نے 9اپریل کو چیئرمین نادرا کے تقرر کی سمری کابینہ کوبھیجی لیکن اس سلسلے میں اسٹیبشلمنٹ ڈویژن سے مشاورت نہیں کی گئی۔ وزارت داخلہ چیئرمین نادرا کے تقرر کا نوٹیفکیشن خود کرسکتی ہے۔