ٹیکس ریونیو نہ بڑھایا تو ملک دیوالیہ ہو جائے گا‘ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل

113

اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے حکومت کی جانب سے ٹیکس ریونیو بڑھانے ، انکم ٹیکس آرڈیننس میں تبدیلی اور سیکشن 203( A) متعارف کرانے کی حمایت کر دی ہے۔گزشتہ روزایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پوائنٹ آف سیل سسٹم کی تنصیب اور دکاندار کی طرف سے خلاف ورزی پر کاروبار سیل کرنے اور 10 لاکھ جرمانے کی سزا کی حمایت کرتے ہیں جسے کسی صورت میں واپس نہ لیا جائے، سیکشن 203( A) میں ٹیکس افسران کو ٹیکس دھندہ کی گرفتاری کے اختیارات کو کاروباری برادری لٹکتی تلوار سمجھ کر اسکی مخالفت کر رہی ہے جسے متوازن بنانے پر غور کیا جائے، ٹیکس دھندہ کے علاوہ ٹیکس افسران کو بھی جوابدہ بنایا جائے اور ٹھوس ثبوت کے بغیر کوئی کارروائی نہ کرنے دی جائے، اگر کسی ٹیکس گزارکی گرفتاری کے بعدعدالت میں جرم ثابت نہ ہوسکے تو متعلقہ ٹیکس افسر کے خلاف کارروائی کی جائے اور ٹیکس گزار کے نقصانات کی تلافی کی جائے ،اختیارات کے ناجائز استعمال کو روکنے کے لیے فول پروف سیف گارڈز مہیا کیے جائیں تاکہ ٹیکس گزاروں کی پریشانی ختم ہو جائے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس گزاروں کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اگر ٹیکس ریونیو نہ بڑھایا گیا تو ملک دیوالیہ ہو جائے گا ۔