ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

129

اسلام آباد / لاہور (اے پی پی+صباح نیوز) اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج پیر کے روز ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم بعد دوپہر جنوبی پنجاب ، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان ، اسلام آباد، کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں آندھی /تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں لاہور میں تیز آندھی اور گرد آلود ہوائوں کے باعث200سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی معطل ہو گئی،جبکہ لاہور اور ساہیوال میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے 17افراد زخمی ہوگئے۔مزید برآںگزشتہ 24گھنٹے کے دوران پنجاب میں جہلم ،منگلا ، گجرات ، خیبر پختونخوا میں ڈی آئی خان ، بنوں ،مالم جبہ ، لوئر دیر، کشمیر میں گڑھی دوپٹہ ، راولاکوٹ، کوٹلی ، مظفرآبادسٹی، بلوچستان میں بارکھان ،سندھ میں مٹھی اور بدین میں ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔