متحدہ عرب امارات نے فضائی سفری پابندیوں میں نرمی کردی

455

دبئی: متحدہ عرب امارات نے فضائی سفری پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے تین ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے نئے ضوابط جاری کردیے جبکہ سفر سے 48 گھنٹے قبل کیے جانے والے پی سی آرٹیسٹ رپورٹ پیش کرنا ہو گی۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق دبئی کی وبا اور بحران سے نمٹنے والی کمیٹی نے ہفتے کے روز فضائی سفری پابندی میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہےکہ تین ممالک پر عائد پابندی بدھ 23 جون سے ختم ہوجائے گی۔

رپورٹ کے مطابق بدھ سے جنوبی افریقا، بھارت اور نائیجیریا سے مسافروں کو دبئی آنے کی مشروط اجازت ہوگی۔

خیال رہے  جنوبی افریقہ کے مسافروں کو جنہوں نے امارات کی منظورشدہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لی ہوں گی انہیں دبئی آنے کی اجازت ہوگی، تاہم اس کےلیے سفر سے 48 گھنٹے قبل کیے جانے والے پی سی آرٹیسٹ رپورٹ پیش کرنا لازمی ہوگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امارات کے شہریوں کو کورونا ٹیسٹ سے مستشنیٰ قرار دیا گیا ہے اور دیگر مسافروں کو دبئی آمد کے بعد کورونا ٹیسٹ کرانا بھی لازم ہوگا جبکہ نائیجیریا سے آنے والے غیر اماراتیوں کو 48 گھنٹے قبل کی پی سی آرٹیسٹ رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔

 نائجیرین حکومت کی منظور و تصدیق شدہ لیبارٹری سے جاری کردہ کیوآر کوڈ والی رپورٹ قابل قبول ہوگی اور دبئی پہنچنے کے بعد مسافروں کو پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا جبکہ بھارت سے دبئی آنے والے مسافروں کو امارات کی منظور شدہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانا اور 48 گھنٹے قبل کیے گئے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ دکھانا لازمی ہوگی۔

دوسری جانب امارات آنے کے بعد انہیں ایئرپورٹ پرہی فاسٹ پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا اور 24 گھنٹےقرنطینہ میں گزارنا ہوں گے جس کے بعد رپورٹ آنے پر مزید فیصلہ کیا جائے گا جبکہ ان پابندیوں سے اماراتی شہری اور سفارت کار اور سفارتی عملہ مستثنی ہوں گے۔