اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا

372

کراچی (سید وزیر علی قادری): پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے 30 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو4 وکٹوں سے شکست دے دی،محمدوسیم کو 4 وکٹیں لینے مین آف دی میچ قرار دیا گیا اور 150رنز کا مطلوبہ ہدف اسلام یونائیٹڈ نے 2 گیندیں قبل حاصل کیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ نے اننگز کا آغاز کیا  تو انکی پہلی وکٹ 39 کے مجموعی اسکور پر گری جب اوپنر عمر امین 13 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے،محمد اخلاق   2 چھکوں اور 3  چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان شاداب خان نے 35 رنز، حسین طلعت 34 رنز بنائے جبکہ آصف علی نے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔

ملتان سلطانز کے شاہنواز دھانی اور عثمان قادر نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عمر اور بلیسنگ مزار بانی  نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر  ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی،ملتان سلطانز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز 149 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کے اوپنرز  شان مسعود اور محمد رضوان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں93 رنز بنائے، شان مسعود نے 3 چھکوں اور 6  چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی اننگز کھیلی،محمد رضوان نے26 رنز بنائے ۔

 اوپنرز کے آؤٹ ہوتے ہی ملتان سلطانز کی ٹیم  کے کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکے، صہیب مقصود 12، ریلی روسو2، جانس چارلس19، حماد اعظم9، سہیل خان 8، عثمان قادر 4، محمد عمر اور بلیسنگ مرزابانی بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے محمد وسیم نے 4 وکٹیں حاصل کیں،فہیم اشرف اور فواد احمد نے 2، 2  کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاداب خان، افتخار  احمد نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔