خلا میں موجود دنیا کی طاقتور ترین دوربین میں خرابی

371
امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے کہا ہے کہ ہبل اسپیس ٹیلی سکوپ جو 30 سال سے زیادہ عرصے سے کائنات کا مشاہدہ کر رہی ہے، گذشتہ کچھ دنوں سے خلا میں اپنی سطح سے نیچے آگئی ہے۔

امریکی خلائی ایجنسی نے بتایا کہ مسئلہ ایک پے لوڈ کمپیوٹر کا ہے جس نے گذشتہ اتوار کو کام کرنا چھوڑ دیا ہے۔ تاہم دوربین اور اس کے دیگر آلات بالکل ٹھیک ہیں۔

ناسا نے کہا ، ” ہبل دوربین میں پے لوڈ کمپیوٹر کا مقصد دیگر آلات کو کنٹرول اور ایک دوسرے سے ہم آہنگ کرنا اور ان کی نگرانی کرنا ہے۔”

ناسا نے پے لوڈ کمپیوٹر کو دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کی مگر ناکامی ہوئی۔ ناسا نے کہا کہ ابتدائی شواہد نے کمپیوٹر کی خرابی کا سبب اُس میں میموری ماڈیول کو بتایا ہے۔ لیکن جب بیک-اپ میموری کو آن کرنا چاہا تو وہ بھی آن نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ 1990 میں شروع ہونے والی ہبل اسپیس ٹیلی سکوپ نے فلکیات کی دنیا میں انقلاب برپا کیا تھا اور ہمارے کائنات کے نظریہ کو بدلا تھا۔ اس نے کائنات کے اربوں اور کھربوں نوری سالوں کے فاصلے کو دور کرکے نئی دنیائوں اور ستاروں کا قریب سے مشاہدہ کروایا اور ہماری کہکشاں سے پرے دوسری کہکشائوں کے اندر بھی جھانکا۔