کراچی میں مون سون بارشیں متوقع، گورنر سندھ کا وزیراعلیٰ کو خط

686

کراچی: شہر قائد میں متوقع مون سون کی بارشوں کے پیش نظر گورنر سندھ نے وزیراعلیٰ سندھ کو خط لکھ کر ممکناً صورتحال سے نمٹنے کی پیش کش کردی۔

خط کے متن کے مطابق گورنر سندھ عمران اسمائیل نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں مون سون بارشوں کے پہلے اسپیل کا آغاز قریب ہے، گزشتہ سال کی بارشیں ہم سب کے لیے سبق تھیں۔

گورنر سندھ نے مزید لکھا کہ بارشوں میں عوام کو نقصان سے بچانے کے لیے مل کر کام کرنا ہے، سپریم کورٹ کے احکامات پر نالوں پر سے تجاوزات کا خاتمہ ہو رہا ہے، ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے اور کنٹونمنٹ بورڈ کے افسران کو اقدامات کا مشورہ دیا ہے۔

عمران اسمائیل نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر صوبے کی بہتری کے لیے کام کریں، میں وفاق کی جانب سے آپ کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ بارش کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ متعلقہ اداروں کے افسران کو متحرک کریں۔