صوبائی وزرا نے سائٹ ایریا میں 17سڑکوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا

305

کراچی (نمائندہ جسارت )صوبائی وزرا سید ناصر حسین شاہ اور جام اکرام اللہ دھاریجو نے سیمنس چورنگی پر سائٹ ایریا میں 1037.79 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی 17 سڑکوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر سائٹ ایسوسی ایشن کے پیٹرن ان چیف زبیر موتی والا، پیپلز پارٹی کے ایم این اے قادر خان مندو خیل، ایم پی اے لیاقت آسکانی ، سابق ایم پی ندیم بھٹو،صدر ضلع جنوبی خلیل ہوت، جنرل سیکرٹری ضلع غربی علی احمد جان ، ایم ڈی سائٹ، ایم ڈی کراچی واٹر بورڈ اسد اللہ خان ودیگر موجود تھے۔اس سے قبل سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا 15 واں اجلاس وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ کی زیر صدارت ہوا جس میں مالی سال 22،2021ءکے لیے 8 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں کورنگی میں چائنیز کمپنی اور ضلع وسطی میں یورپین پس منظر رکھنے والی کمپنی کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ آپریشن دینے کی منظوری دی گئی جبکہ لینڈ فل کے لیے مختص جام جاکھرو کی 500 ایکڑ، گوند پاس 450، سون ولھار جامشورو میں 200 اور گنجو ٹکر حیدرآباد کی 500 ایکڑ اراضی ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے نام منتقل کرنے کی قرارداد منظورکی گئی۔اجلاس میں حیدرآباد، کوٹری میونسپل کمیٹی اور ٹنڈو الہ یار میونسپل کمیٹی کی حدود میں سالڈ ویسٹ آپریشن کے کنٹریکٹ کی منظوری دے دی گئی۔ لاڑکانہ، موئن جو دڑو اور گڑھی خدا بخش میں بھی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ آپریشن کے آغاز کا بھی فیصلہ کیا گیا۔