امریکا ‘افغانستان‘بھارت پر ان کیمرہ سیشن بلایا جائے‘ احسن اقبال

135

لاہور(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ امریکا،بھارت اور افغانستان سے متعلق جو پالیسی بنائی جارہی ہے اس پر پارلیمنٹ کا ان کیمرہ سیشن بلایا جائے، 70سال کی غلطیوں کو درست نہ کیا تو اگلے سال دیکھنا نصیب نہیں ہوں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ اپوزیشن لیڈر کی تقریر کو نیازی کی ہدایت پر روکا گیا،الیکشن چرانے کے لیے حکومت نے الیکشن کمیشن کے اختیارات اپنے پاس لے لیے،حکومت بوگس قانون سازی کے ذریعے الیکشن کمیشن اختیارات سلب کرنے چلی تھی مگر چوری پکڑی گئی ،حکومت مسلسل جھوٹ بول رہی ہے، بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن کے خلاف کارروائی کی مذمت کرتا ہوں۔انہوں نے پوچھا کہ قرضہ کمیشن رپورٹ کہاں گئی؟ کمیشن نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ موجودہ حکومت نے ماضی کے مقابلے میں زیادہ قرض لیا اس پر وہ رپورٹ چھپا دی گئی، عمران خان بتائیں کہ 13 ہزار ارب روپے سے کون سے منصوبے شروع کیے، ہم ایک ایک پائی کا حساب دینے کے لیے تیار ہیں۔