عدالت کا او پی ایس پر تعینات ملازمین کو فوری ہٹانے کا حکم

179

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) عدالت عظمیٰ اور سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے او پی ایس اور ایک عہدے کے بجائے زیادہ عہدوں کا چارج رکھنے والے پر پابندی کی ہدایات پر میونسپل کمیٹی میرپورخاص میں عملدر آمد نہ کرنے کی شکایات پر کمشنر میرپورخاص نے نوٹس لیتے ہوئے ایڈ منسٹریٹر میونسپل کمیٹی کو فوری طور پر عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے او پی ایس پر مقرر ملازمین کو ہٹانے اور مکمل رپورٹ پیش کرنے کا حکم۔ عدالت عظمیٰ اور سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے سرکاری محکموں میں ایک عہدے سے زیادہ عہدے رکھنے والے اور او پی ایس پر مقرریوں پر پابندی عائد کر کے ایک سے زیادہ عہدے رکھنے والے اور او پی ایس پر مقرر ہونے والے افسران اور اہلکاروں فوری طور پر ہٹانے کی ہدایات پر میونسپل کمیٹی میرپورخاص میں عملدر آمد نہیں ہوا۔ اس حوالے سے ایک تحریری شکایت پر کمشنر میرپورخاص سید اعجاز شاہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے میونسپل کمیٹی کے نئے مقرر ہونے والے ایڈمنسٹریٹر غلام حسین کانیو کو ایک لیٹر نمبر NO.COM/ESTT/1173/2021مورخہ 15.06.2021 جاری کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ، سندھ ہائی کورٹ اور سیکرٹری سندھ لوکل گورنمنٹ کی ہدایات کے مطابق اب تک او پی ایس پر مقرر ہونے والے اور ایک عہدے سے زیادہ عہدے رکھنے والے افسران اور اہلکاروں کو فوری طور پر ہٹانے کی ہدایات پر عمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق میونسپل کمیٹی میرپورخاص میں او پی ایس پر مقرر چند میونسپل آفیسر اور چیف آفیسر اپنے چارج چھوڑ کر جانے کے باوجود میونسپل کمیٹی کے افسران کی جانب سے اپنے من پسند اہلکاروں سے چارج واپس نہیں لیے گئے ہیں اور اب بھی کئی ملازم اپنی سیٹوں پر موجود ہیں۔