سانحہ ماڈل ٹائون ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے

177

شہدادپور (نمائندہ جسارت) پاکستان عوامی تحریک شہدادپور کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹائون لاہور پر حکومتی آپریشن کیخلاف احتجاجی ریلی نکال کر پریس کلب شہدادپور پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک شہدادپور کے رہنمائوں احمد رضا قریشی، محمد شاہد قادری، انور قریشی، حافظ کاشف رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون ریاستی دہشت گردی اور قومی بے حسی کی بدترین مثال اور داستان ہے۔ لاہور پر ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں خواتین سمیت 14 افراد کی شہادتوں اور سو افراد سے زائد شدید زخمیوں کے کیس میں ملوث سابق وزیر اعظم پاکستان نواز شریف، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت دیگر لوگوں کیخلاف سات سال گزر جانے کے باوجود کوئی کارروائی عمل میں نہیں آئی۔ شہداء کے لواحقین کو انصاف نہیں مل سکا، پاکستان کی عدالتیں خاموش ہیں، سانحہ ماڈل ٹائون کا قصاص ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن شہداء کے لواحقین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جو قصاص کی مسلسل جدوجہد میں نہ بکے نہ جھکے نہ ڈرے ہیں۔ ہم وزیر اعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف، چیف جسٹس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سانحہ ماڈل ٹائون لاہور کے شہداء کے ساتھ انصاف کیا جائے۔