نوابشاہ ،عوامی مقامات پر غیر معیاری پانی کی مہنگے داموں فروخت

174

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) نوابشاہ ریلوے اسٹیشن اور شہر میں قائم مختلف مقامات کے لیے جانے والی گاڑیوں کے بس اسٹاپ پر غیر معیاری پانی کی فروخت مہنگے داموں جاری، افسران بالا کا کارروائی سے گریز۔ نوابشاہ ریلوے اسٹیشن پر مختلف اسٹالوں پر ٹرینوں میں سوار مسافروں کے پینے کے لیے غیر معیاری پانی دھڑلے سے مہنگے داموں فروخت کیا جارہا ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی جارہی۔ سماجی تنظیموں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ نوابشاہ میں غیر معیاری پانی کی فروخت ریلوے اسٹیشن، بس اسٹاپ، وین اسٹاپ سمیت مختلف دکانوں پر دھڑلے سے جاری ہے، غیر معیاری پانی فروخت کرنے والے مافیا باقاعدہ سیل اور استعمال شدہ بوتلوں کو واش کر کے غیر معیاری پانی ڈال کر فروخت کررہے ہیں، مضر صحت پانی کے استعمال سے شہری پیٹ کے مختلف امراض میں مبتلا ہورہے ہیں جبکہ انتظامیہ کی جانب سے غیر معیاری پانی فروخت کرنے والوں کیخلاف کسی بھی قسم کی کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے۔