حکومت نے بزرگ شہریوں کو سہولت کی فراہمی کے لیے کام نہیں کیا

187

شکارپور (نمائندہ جسارت) ایس آر ایس او اور ہیلپ ہیج انٹرنیشنل کی جانب سے بزرگ شہریوں سے ناروا سلوک کے عالمی دن کی مناسبت سے جہاز چوک سے پریس کلب تک آگاہی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن میں بزرگ شہریوں سے ناروا سلوک، ظلم، ناانصافی، زیادتی کیخلاف نعرے درج تھے۔ ریلی کا مقصد معاشرے کے اندر بزرگ شہریوں سے نا انصافی اور نامناسب سلوک کے حوالے سے معلومات دینا تھی۔ ریلی کی قیادت مختار کھپری، عبدالسمیع انڑ، مختار پنہور کی قیادت میں نکالی گئی ریلی میں شہریوں سمیت سرسوں کی ٹیم نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے 2011ء سے لے کر ہر سال جون کی ماہ میں بزرگ شہریوں سے ناروا سلوک، ناانصافی اور ظلم کو روکنے کے لیے دن منایا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے کے اندر بزرگ شہریوں کو نظر انداز کرنا، ناروا سلوک سمیت کئی مختلف مسائل کا سامنا ہے، بزرگ فقط اپنے گھروں کے اندر نظر انداز کیے جاتے ہیں لیکن اسپتالوں، عدالتوں، نادرا، ٹرانسپورٹ سمیت مختلف اداروں میں بھی بزرگوں کو ترجیح نہیں دی جاتی۔ ریلی کے شرکاء نے کہا کہ پاکستان دنیا میں بزرگ شہریوں کی آبادی کے لحاظ سے دنیا پر چھٹے نمبر پر ہے، جہاں ایک کروڑ دس لاکھ سے زائد بزرگ شہری موجود ہیں، جن کی تعداد 2050ء میں سوا چار کروڑ سے بھی زیادہ بڑھ جائے گی لیکن کوئی بھی سہولت میسر کرنے کے لیے کوئی عملی کام نہیں کیا گیا۔ سندھ کے اندر 35 لاکھ سے بھی زیادہ بزرگ شہری رہتے ہیں جن کی بھلائی کے لیے بزرگ شہریوں کی حقوق کے لیے سندھ اسمبلی میں بل پاس کیا گیا ہے جس پر عمل کرنے کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک کا فرض ہے کہ بزرگ شہریوں کے ساتھ عزت واحترام اور ان کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات دی جائیں۔