خرگئی چیک پوسٹ، درپیش تکالیف پر سینیٹر دوست محمد خان کا ایکشن

216

ڈیرہ اسماعیل خان (آئی این پی)خرگئی چیک پوسٹ پر لوگوں کو درپیش تکالیف پر سینیٹر دوست محمد خان کا فوری ایکشن، آئی جی ایف سی ساؤتھ سے رابطہ، آئی جی ایف سی آفس کی طرف سے فوری ریلیف کا وعدہ۔ خرگئی چیک پوسٹ کے سہولت ڈیسکس پر لوگوں کی قطاریں اور رجسٹریشن یا سفری حرکات رجسٹرڈ کرنے والے ڈیسکس پر بے تحاشہ رش اور لمبی قطاروں اور لوگوں کو درپیش مشکلات پر سینیٹر دوست محمد خان نے نوٹس لے لیا۔ اس ضمن میں انہوں نے آئی جی ایف سی ساؤتھ آفس رابطہ کرکے وزیرستان کے باسیوں کی تکلیف کے بارے میں ان کو آگاہ کیا۔ انہوں نے آئی جی ایف سی ساؤتھ کے آفس پر واضح کیا کہ خرگئی چیک پوسٹ پر جو سہولت ڈیسکس بنائے گئے ہیں وہ کم ہیں جس کی وجہ اس گرمی میں ہمارے لوگ قطاروں کی شکل میں رجسٹریشن یا سفری حرکات کی رجسٹریشن کے لیے لائنوں میں کھڑے ہوتے ہیں۔ اس گرمی میں وہاں پر انتظار پر مجبور بچے، عورتیں اور جانور سب سخت تکالیف سے گزر رہے ہیں اور وزیرستان کے باسیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ آئی جی ایف سی ساؤتھ کے آفس سے تسلی دی گئی کہ فوری سہولت ڈیسکس بڑھا دیں گے۔