مستونگ: اسکول وین پر فائرنگ، 4 خواتین اساتذہ زخمی

51

مستونگ(خبر ایجنسیاں)بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سرکاری ا سکول کی 4خواتین اساتذہ زخمی ہوگئیں۔اسسٹنٹ کمشنر مستونگ عطا المنعم کے مطابق مستونگ کے سرکاری اسکول میں پڑھانے والی ٹیچرز چھٹی کرنے کے بعد وین میں گھروں کی طرف جارہی تھیں۔ مستونگ کے علاقے پڑنگ آباد میں شیرگڑھ کے مقام پر دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق واقعہ میں چار ٹیچرز زخمی ہوئیں جن میں سے تین کو گولیاں لگی ہیں جبکہ ایک کو معمولی خراشیں آئی ہیں۔زخمیوں کو مستونگ کے شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال کے ترجمان ارباب اویس کاسی نے بتایا کہ تینوں خواتین کو پائوں میں گولیاں لگی ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ زخمی ہونے والی چاروں خواتین اساتذہ کا تعلق کوئٹہ سے بتایا جارہا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر مستونگ کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعہ کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ لیویز نے مفرور ملزمان کی تلاش اور واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ،رکن صوبائی اسمبلی نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے مستونگ میں خواتین اساتذہ کی سکول وین پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ امن اور تعلیمی ماحول خراب کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایاجائے۔گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں نواب محمداسلم رئیسانی نے پڑنگ آباد مستونگ میں خواتین اساتذہ کی سکول وین پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس افسوسناک واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کی سرکوبی کی جائے تاکہ پرامن تعلیمی ماحول کو خراب کرنے والوں کوکیفر کردار تک پہنچایا جائے، ہم ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔