تمام جماعتوں کو انتخابی اصلاحات کیلئے مل کر بیٹھنا چاہیے،وزیرداخلہ

163

اسلام آباد(آن لائن ) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو آنیوالے وقتوں کی سیاسی صورتحال کی تیاری کرنی چاہیے، وقت آگیا ہے سیاسی جماعتوں کو تلخیوں کو ختم کرنا ہوگا،اگر ہم نے تلخیاں ختم نہ کی تو الیکشن میں ٹرمپ اور جوبائیڈن والا حال ہوگا، افغانستان کی نئی سیاسی صورتحال کیلیے تیار رہنے کی ضرورت ہے ۔ ہفتہ کو قومی اسمبلی اجلاس میں بجٹ پر بحث کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ رشید نے بتایا کہ حکومت نے تمام ویزے آن لائن کر دیے ہیں، پہلے ویزوںکیلیے لین دین کیا جا تا تھا، اب ایگزٹ ویزا بھی آن لائن ہو گیا ہے، 2080 روپے کی اضافی فیس کے ساتھ ایک دن میں بھی پاسپورٹ مل سکتا ہے، اس دور میں 3 لاکھ ویزے جا ری ہوئے ہیں اسکا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے، تمام تحصیلوں میں نادرا ہیڈ کوارٹر کھولنے کا اختیار ایم این ایز کو دے دیا ہے، شناختی کارڈ زکیلیے موبائل رجسٹریشن کا آغاز فاٹا میں شروع کیا ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہم نے مہنگی بجلی کے معاہدے کیے، ان معاہدوں کی وجہ سے بہت سے مسائل پیدا ہوئے، پاکستان میں اگر بجلی سستی ہوجائے تو بہت سے مسائل حل ہوجائیں گے، ماضی میں کیے گئے معاہدوں پر نظر ثانی کی جائے تو تمام مسئلے حل ہوسکتے ہیں، وزیراعظم سستی بجلی کے حوالے سے کوشش کررہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پہلی مرتبہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اوورسیز پاکستانیوں نے 9 ارب ڈالر ترسیلات زر بھیجی اور اگر ایسا نہ ہوتا ہمیں پڑوسی ممالک میں کشکول لے کر جانا پڑتا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلا شناختی کارڈ فری ہے جبکہ 2 ہزار 180 روپے اضافی فیس کے ساتھ ایک ہی دن میں پاسپورٹ حاصل کیا جاسکے گا، تمام اضلاع میں نادرا دفتر کھولنے کا اختیار رکن قومی اسمبلی کو دیا ہے۔وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ الیکشن سے قبل تحفظات دور نہیں ہوئے تو ایک مرتبہ پھر شفاف الیکشن متنازع ہوجائیں گے اور صورتحال سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روس جیسا ہوگا۔انہوں نے زور دیا کہ حکومت کے چوتھے سال میں انتخابی اصلاحات پر تمام جماعتوں کو مل کر مفاہمتی عمل مکمل کرنا چاہیے۔