نوازشریف پیسے واپس کریں اور جہاں مرضی چلے جائیں،فواد چوہدری

147

اسکردو (آن لائن ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ احتساب کے عمل کو منطقی انجام تک پہنچا یا جائے گا، نوازشریف پیسے واپس کریں اور جہاں مرضی چلے جائیں، گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کیلیے تیزی سے پیش رفت ہورہی ہے ،سابق ن لیگی حکومت نے گلگت بلتستان کے لیے کچھ نہیں کیا، گلگت بلتستان میں لوکل گورنمنٹ نظام بحال کرنے کی ضرورت ہے ، خیبر پختونخوا حکومت لوکل گورنمنٹ کی نظام کی بحالی کے لیے اقدامات کرے۔ اسکردو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ احتساب کے عمل کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے، ہم نواز شریف کو جیل میں رکھنا نہیں چاہتے، وہ ہمارے پیسے دیں اور جہاں مرضی ہو چلے جائیں۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہم نے عوام دوست اور تاریخی بجٹ پیش کیا اور یہاں کی ترقی کے لیے سب سے بڑا حصہ ہماری حکومت نے دیا، گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے جارہے ہیں، اس معاملے پر تیزی سے پیش رفت ہورہی ہے، سیاحت کہ ترقی کے لیے جتنی فلائٹس چلائی جارہی ہیں ماضی میں مثالیں نہیں ملتی۔ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم امن کے لیے سنجیدہ ہیں، اور بھارتی وزیراعظم مودی کی کشمیر پالیسی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہیں، کشمیر کاز کے لیے ہم نے اقتصادی قربانیاں بھی دی ہیں۔