ادارہ نورحق میں حلقہ خواتین کی سوشل میڈیا نشست

102

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شعبہ نشرو اشاعت جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کے تحت ادارہ نورِ حق میں سوشل میڈیا ٹیم کی نشست منعقد کی گئی، نشست میں حلقہ خواتین کراچی کے تمام اضلاع کی سوشل میڈیا پر متحرک خواتین نے شرکت کی۔نشست سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی ڈائریکٹر آئی ٹی سعدیہ حمنہ نے کہا کہ کارکن کہیں بھی ہو اپنے ہر رنگ میں صرف داعی ہے،سوشل میڈیا پر نظم کے تحت چلنا ضروری ہے ،آپ جماعت اسلامی کی شناخت ہیں،نظم جس ٹاپک کو لے کر چلے سوشل میڈیا ورکر اسی ٹاپک کو خود بھی نمایاں کرے تاکہ فضا بنے۔ناظمہ کراچی اسماء سفیر نے کارکنان کی حوصلہ افزائی اور اجتماعیت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آپ تحریک کا وہ قیمتی سرمایہ ہیں جس کا کوئی نعم البدل نہیں ،روزانہ کی بنیاد پر بدلتے چیلنجز کا مقابلہ علم ودلائل کے ساتھ کریں۔پالیسی، کے مطابق مثبت کردار، ناقدانہ نظر،اور عوام کی درست رہنمائی کی کوشش کریں۔نائب نگران آئی ٹی حلقہ خواتین کراچی اسریٰ غوری نے اپنے تربیتی خطاب میں مفید ہدایات دیں،ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ بات اپنے ذہن میں بٹھا لینی چاہیے کہ سوشل میڈیا جنگ کا میدان ہے اسے ہم ہتھیار کے طور پر استعمال کریں،ہمیں اس میدان میں مہارت حاصل کرنی ہے اور اس کی تربیت اپنے ذیلی حلقوں میں دینی ہے تاکہ ہم وقت کے فتنوں کا مقابلہ کرسکیں،فالوورز میں ہر ممکن اضافہ کریں،غیر متعلقہ موضوعات سے دور رہیں،مسلسل سیکھنے کا عمل جاری رکھیں اور نوجوانوں اور بچوں کو بھی اپنے کاموں میں معاون بنائیں تاکہ وہ بھی اس فورم کا صحیح استعمال سیکھیں۔پروگرام میں رمضان قرآن سیریز پروجیکٹ میں محنت کرنیوالے افراد کو ناظمہ کراچی اسماء سفیر نے پوسٹ میکرز، وڈیو میکرز، کانٹینٹ رائٹرز میں سرٹیفیکٹ تقسیم کئے۔