امریکا کو اپنی سرزمین استعمال نہیں کرنے دینگے،عمران خان

521

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ پاکستان افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد سرحد پار انسداد دہشت گردی کارروائیوں کے لیے امریکا کو اپنی سر زمین استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا۔یہ بات انہوں نے امریکی ٹیلی ویژن کو ایک انٹرویو میں کہی جو آج شام 6بجے نشر کیا جائے گا۔ وزیر اعظم عمران خان سے ایکزیاس آن ایچ بی او میں جو ناتھن سوان نے سوال کیا کہ کیا آپ امریکی حکومت کو القاعدہ ، آئی ایس آئی ایس یا طالبان کیخلاف سرحد پار انسداد دہشت گردی کارروائیوں کے لیے پاکستان میں سی آئی اے کی موجودگی کی اجازت دیں گے ؟ جس پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بالکل نہیں ہم پاکستانی سر زمین سے افغانستان میں کسی بھی قسم کی کارروائی یا اڈے بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ انٹرویو کرنے والے نے حیران ہو کر اپنا سوال دہرایا اور استفسار کیا کہ کیا وہ یہ بات سنجیدگی سے کہہ رہے ہیں ، جس پر وزیر اعظم نے واضح کر دیا کہ پاکستان قطعاً اس کی اجازت نہیں دے گا ۔ حال ہی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے ایسے کسی بھی امکان کو مسترد کر دیا تھا ۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ہوتے ہوئے کوئی امریکی اڈا پاکستان میں نہیں بنے گا۔اس حوالے سے ایک بیان میں افغان طالبان کا کہنا تھا کہ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا ہمارے ملک میں کارروائیاں انجام دینے کے لیے ہمارے پڑوس میں موجود رہنا چاہتا ہے۔افغان طالبان کا کہنا ہے کہ خطے میں اجنبی فوجیں بد امنی اور جنگ کا اصل سبب ہیں، پڑوسی ممالک سے مطالبہ ہے کہ کسی کو موقع فراہم کرنے کی اجازت نہ دیں۔