سندھ میں ویکسی نیشن سینٹرز بند،تمام تعلیمی ادارے کل سے کھولنے کا فیصلہ

308

کراچی/اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر/خبر ایجنسیاں/مانیٹرنگ ڈیسک) کوروناویکسین کی کمی کے باعث سندھ میں ویکسی نیشن سینٹرز بندکردیے گئے جبکہ صوبے میںتمام تعلیمی ادارے کل سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہفتے کو وزیراعلیٰ ہائوس میں انسداد کورونا سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے21 جون سے پرائمری اسکولز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ28جون سے مزارات ، تفریحی پارکس ، جم اور سوئمنگ پول کھولنے کا فیصلہ بھی کیا ہے اور ویکسین ڈوز کی کمی کے باعث ویکسی نیشن مراکز صرف اتوار(آج)کو بند ہوں گے۔ ہفتے کو وزیر اعلی سندھ کی سربراہی میں صوبائی کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے بھر میں کیسز میں کمی ہو رہی ہے اور مثبت شرح 3.9 فیصد پر آگئی ہے، تاہم کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.08 فیصد اور حیدرآباد میں 4.3 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک مختلف اقسام کی کورونا ویکسین کی32 لاکھ 43ہزار 988 خوراکیں سندھ کو موصول ہوچکی ہیں جن میں سے28 لاکھ 73 ہزار 857 خوراکیں استعمال ہوچکی ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ روسی سپوتنیک ویکسین جون کے آخری ہفتے میں آجائیں گی۔ 1.5ملین سائنو ویک کی ڈوزز جون21 کو، کسائنو کے7 لاکھ ڈوز اور پاک ویک کی 4 لاکھ ڈوز23 جون کو مل جائیں گی۔ کراچی کے80 فیصد سے زاید انسداد کورونا ویکسین کے سینٹرز ویکسین کی قلت کے باعث بند کردیے گئے۔محکمہ صحت سندھ کی جانب سے کراچی کے تمام اضلاع میں 90 کورونا ویکسی نیشن سینٹرز بنائے گئے ہیں جہاں گزشتہ 2 روز سے ویکسین کی قلت کا سامنا ہے جس کے باعث 90 سینٹرز میں سے متعدد میں ویکسین ختم ہوچکی ہے اور سینٹرز بند کردیے گئے ہیں۔ صوبائی محکمہ صحت کے مطابق سندھ کو وفاق کی جانب سے سے فائزر ویکسین کی 12 ہزار ڈوز ملی ہیں جب کہ فائزر ویکسین صوبے کے 7 بڑے سرکاری اسپتالوں میں لگائی جائے گی جن میں کراچی کا ایس آئی یو ٹی، جناح ، سول اسپتال اور ڈاؤ یونیورسٹی کے اوجھا اسپتال میں شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ فائزر ویکسین صرف کمزور قوت مدافعت والے افراد کو لگائی جائے گی اور کمزور قوت مدافعت والے افراد میں گردے، جگر اور دیگر ٹرانسپلانٹ کے مریض شامل ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں کورونا ویکسین کی10 لاکھ سے زاید خوراکیں موجود ہیں‘ اب تک ایک کروڑ 29 لاکھ ویکسین شہریوں کو لگا دی گئی ہیں۔ ٹوئٹر پر معاون خصوصی نے کہا کہ 20 جون کو 15 لاکھ جبکہ 22 جون تک 25 لاکھ ویکسین کی خوارکیں پاکستان پہنچ جائیں گی ‘ 23 سے 30 جون تک 2 سے3 ملین بشمول 4 لاکھ کین سائنو میسر آسکیں گی، ویکسین کی قلت کے حوالے سے سسٹم میں پریشر کو پیر، منگل تک حل کرلیا جائے گا۔ ہفتے کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 46 ہزار 269 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 991 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اس طرح کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 2.14 فیصد رہی۔ ملک میں اب تک مثبت کیسز کی تعداد 947,218 ہوگئی ہے جن میں سے 889,787 مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز اس وبا نے مزید 27 افراد کی زندگی کو نگل لیا۔ اس طرح ملک میں اب تک اس وبا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 21 ہزار 940 ہوگئی ہے۔ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد میں کمی آئی ہے اور فعال کیسز کی تعداد35 ہزار 491 ہوگئی ہے۔