گورنر سندھ کا صحافیوں کے تحفظ کے بل کی توثیق سے انکار

289

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سندھ اسمبلی سے منظور ہونے والے جرنلسٹس پروٹیکشن بل 2021 پر اعتراض اٹھاتے ہوئے بل کی توثیق سے انکار کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کا بل منظور ہونے کے بعد گورنر سندھ عمران اسماعیل کے پاس توثیق کے لیے بھیجا گیا تھا، جس پر انہوں نے اعتراض اٹھایا، صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ سے متعلق بل پر گورنر سندھ نے اعتراض لگا کر بل سندھ اسمبلی کو واپس بھیج دیا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اعتراض اٹھایا کہ جرنلسٹ پروٹیکشن کمیشن کی فنڈنگ اور اخراجات پر نگرانی کے لئے کمیٹی کیوں نہیں بنائی گئی، اس بل میں تھرڈ پارٹی کے آڈٹ کی شق کو شامل کیا جائے، عمران اسماعیل نے اعتراض کیا کہ جرنلسٹ پروٹیکشن بل کے قواعد و ضوابط سے متعلق شقیں آئین سے متصادم ہیں۔

گورنر سندھ کے اعتراض کے بعد بل کے مسودے کو دوبارہ سندھ کابینہ میں پیش کیا جائے گا اور اعتراض کو دور کر کے اسے اسمبلی میں پیش کیا جائے گا،گورنر سندھ کے اعتراضات کے بعد صحافیوں کے تحفظ کے قانون پر عمل درآمد رک گیا۔

دوسری جانب سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ میڈیا پروٹیکشن بل منظور ہوکر گورنر کے پاس گیا تو انہوں نے اسے مسترد کر کے دوبارہ اسمبلی بھیج دیا۔