جھڈو اور مضافات میں مون سون کی پہلی بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

109

جھڈو (نمائندہ جسارت) جھڈو اور مضافاتی علاقوں میں پری مورن سون کی پہلی بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا، ہر جانب جل تھل، موسم خوشگوار، نشیبی علاقے زیر آب، فصلوں میں جان پڑگئی۔ ہفتہ کی شام مٹی کے طوفان کے بعد جھڈو،ٹنڈوجان محمد،نوکوٹ،نبی سر روڑ،ٹالہی اور ملکانی شریف میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے تیز اور ہلکی کا بارش برسنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے، ابر رحمت برسنے سے دو دن سے جاری حبس اور شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیااور ٹھنڈی ہواوں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا،بارش برسنے سے ہر جانب جل تھل ہوگیا،بچے،منچلے نوجوان اورشدید گرمی کے ستائے ہوئے شہری بارش میں نہانے کیلیے گھروں سے باہر نکل آئے اور بارش کے پانی میں نہاتے رہے،بارش سے نشیبی علاقوں میں کہیں کہیں پانی جمع ہوگیا جبکہ پھسلن سے کئی موٹر سائیکل سوار بھی زخمی ہوگئے، زرعی ماہرین کا کہناہیکہ مون سون کی پہلی بارش سے خریف کی کاشت کی گئی کپاس ،سرخ مرخ، مکئی اور گنے کی فصلوں کو فائدہ ہوگا اور خشک سالی اور پانی کی کمی کا شکار فصلوں میں جان پڑ جائے گی جبکہ زرعی بیماریاں بھی وقتی طور پر کم ہوجائیں گی، باران رحمت کے برسنے سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے اور نمازیون نے مساجد میں شکرانے کے نوافل بھی ادا کیے۔