آج ویکسی نیشن سینٹرز بند رہیں گے، محکمہ صحت سندھ

289

کراچی: سندھ میں  ویکسین کی قلت کے باعث آج ویکسی نیشن سینٹرز  بند رہیں گے جبکہ پاک ویک کی 4 لاکھ خوراکیں 23 جون سے دستیاب ہوجائیں گی۔

محکمہ صحت کے مطابق کراچی کےمتعددسینٹرز میں انسداد کورونا ویکسین کی قلت کا سامناہے جبکہ شہرکے 90 سینٹرز میں سے متعدد میں ویکسین ختم ہو چکی ہے، جس کو نظر میں رکھتے ہوئے آج سندھ میں ویکسی نیشن سینٹرز بند رہیں گے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ضلع شرقی میں26، غربی میں 13، ضلع وسطی میں 13، ضلع ملیر میں 8،کورنگی میں 8 اور ضلع جنوبی میں 22 سینٹرز موجود ہیں جہاں سائنو ویک، سائنو فارم اور  پاک ویک موجود نہیں ہے۔

دوسری جانب خالق دینا ہال، جناح اسپتال، لیاری جنرل اسپتال، ضلع وسطی چلڈرن اسپتال، نیوکراچی اسپتال، سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد میں بھی ویکسین ختم ہو چکی ہے۔

محکمہ صحت کے حکام کا بتانا ہے کہ سندھ میں کل سائنو ویک کی 15 لاکھ خوراکیں آجائیں گی جبکہ ا سپوٹنک ویکسین جون کے آخری ہفتے میں دستیاب ہوگی اور  پاک ویک کی 4 لاکھ خوراکیں بھی 23 جون سے دستیاب ہوجائیں گی۔

خیال  رہے گزشتہ روز ایکسپو سینٹر لاہور میں بیرون ملک جانے والے شہریوں کو ویکسین کے لیے ایک ہفتے بعد آنے کی ہدایات دی گئی ہے جبکہ اسلام آباد میں بھی ویکسین لگوانے کے لیے آنے والے شہریوں کو واپس بھیجا جانے لگا ہے۔

واضح رہے  سربراہ این سی او سی اسد عمر کا کہناہے کہ 15 لاکھ ویکسین آج پاکستان پہنچ جائےگی اورآئندہ 10 دن میں 50 لاکھ ویکیسین پاکستان آجائےگی جبکہ آئندہ ہفتے ہم نیاریکارڈقائم کریں گے۔