‘تمام ویزے آن لائن ہوگئے، پاسپورٹ  ایک دن میں حاصل کریں’

616

اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ حکومت  نے ایگزٹ ویزے سمیت تمام ویزے آن لائن کردیے ہیں، اب ہر پاکستانی ایک دن میں 2ہزار180 روپے کی اضافی فیس کے ساتھ پاسپورٹ حاصل کرسکتاہے۔

قومی اسمبلی میں بجٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہاکہ سابق قبائلی علاقوں میں رجسٹریشن کے لئے موبائل رجسٹریشن کی سہولت دی گئی ہے تاکہ لوگوں کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ  ایم این ایز کو نادرا کے دفاتر کھولنے کا اختیار ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن اصلاحات اور ملکی حالات پر مل بیٹھ کر سر جوڑنا چاہیے اور آپس میں صلاح مشورے کرکے حکمت عملی وضع کرنی چاہیے۔

شیخ رشید نے کہاکہ  ملک کو جتنے بھی اقتصادی مسائل درپیش ہیں اس کی جڑ مہنگی بجلی کے منصوبوں میں ہے، اگر ان منصوبوں کا دوبارہ جائزہ لیا جائے تو ہمارے بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغان بارڈر پر باڑ لگانے کا کام 88 فیصد مکمل ہو چکا ہے، 30 جون تک باقی کام مکمل ہو جائے گا، افغانستان میں 38 مقامات پر اس وقت لڑائی ہو رہی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ  جیو اسٹریٹجک صورتحال اور گوادر کے تناظر میں تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کا یکجا ہونا بہت ضروری ہے، آئی ایم ایف کے پاس تمام حکومتیں جاتی ہیں، آئی ایم ایف کے پاس جانا مجبوری ہے، آئی ایم ایف کے پاس جانے سے لوگوں پر دبائو اس لئے پڑتا ہے کیونکہ خزانے کے حالات بہتر نہیں ہوتے۔