ایران میں صدارتی انتخابات: ابراہیم رئیسی نے میدان مارلیا

369

تہران: ایران کے صدارتی انتخابات میں ابراہیم رئیسی نے 62 فیصد ووٹ حاصل کرکے میدان مار لیا ہے۔

ایران کے سرکاری میڈیا نے سپریم لیڈر خامنہ ای کے اہم ساتھی اور قدامت پسند رہنما ابراہیم رئیسی کی الیکشن میں کامیابی کی تصدیق کردی ہے، ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق ابتدائی نتائج میں ابراہیم رئیسی کو 62 فیصد حمایت ملی تاہم اب تک سرکاری طور پر نتائج کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

صدارتی الیکشن میں حصہ لینے والے رئیسی کے تین مدمقابل امیدواروں محسن رضائی، امیر حسین اور عبدالنصیر ہمتی نے شکست تسلیم کرتے ہوئے انہیں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

60 سالہ ابراہیم رئیسی ایران کے اعلیٰ ترین جج ہیں اور وہ امریکی پابندیوں کی زد میں ہیں، انہیں 2019 میں جوڈیشری کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

ایرانی صدر کے عہدے سے دستبردار ہونے والے حسن روحانی نے سرکاری ٹی وی پر خطاب میں کہا کہ الیکشن میں ملک کے نئے صدر کا انتخاب کرلیا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ میں عوام کو ان کے انتخاب پر مبارکباد دیتا ہوں تاہم ہم جانتے ہیں کہ الیکشن میں کس نے زیادہ ووٹ لیے اور کسے عوام کی جانب سے آج منتخب کیا گیا۔