بجٹ مفروضوں کی بنیاد پر بنایا گای سبسڈی سفید ہاتھیوں کو ملی ،سینیٹر مشتاق احمد

209

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) جماعتِ اسلامی خیبر پختون خوا کے امیر، سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہاکہ وزیرِ اعظم عمران خان نے بجٹ میں سبسڈی سفید ہاتھیوں کے لیے دی۔ وزیرِ اعظم ہائوس کے بجٹ میں 18 کروڑ کا اضافہ کیا گیا ہے۔سینیٹ کے اجلاس میں بجٹ پر ہونے والی بحث میں حصہ لیتے ہوئے جماعتِ اسلامی خیبر پختون خوا کے امیر اور سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ اس سال 29 ارب ڈالرز کی ترسیلاتِ زر اس لیے آئیں کیونکہ ملک میں مہنگائی بہت زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے جہاز کی آمد و رفت بند ہے تو لوگ حکومتی ذرائع سے پیسے بھجوا رہے ہیں، جیسے ہی آمد و رفت دوبارہ شروع ہو گی، ترسیلاتِ زر کم ہو جائیں گی۔ سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ حکومت نے اس سال 31 ارب ڈالر کا ترسیلاتِ زر کا ہدف رکھا ہے جو پورا ہونا مشکل نظر آتا ہے، مفروضوں اور رسک کی بنیاد پر بجٹ قائم کیا گیا ہے۔ بتایا جائے کہ امریکا کے حوالے سے آئی ایم ایف سے کیا معاہدہ کیا جا رہا ہے؟ حکومت کے فراہم کردہ گروتھ ریٹ کو کوئی نہیں مانتا۔ حکومت نے قرضوں میں 3 سال میں 30 فیصد اضافہ کر دیا۔ آپ کا پورا سویلین بجٹ قرضوں پر ہے۔