شہدادپور،حیسکو کیخلاف چکی مالکان کی احتجاجاً ہڑتال

91

شہدادپور (نمائندہ جسارت)شہدادپور میں آٹا چکی ایسوسی ایشن کی اپیل پر واپڈا کی زیادتیوں کے خلاف شہر کی تمام آٹا،نمک،تیل اور راشن بند کر کے ہڑتال کی گئیاور نعرے بازی کی۔اس موقع پر مظاہرین امان اللہ ناگرہ،علی نواز بگھیو،غلام حیدر خلجی،سہیل خاصخیلی اورانیل کمار ودیگر نے بتایا کہ حیسکو اہلکاروں نے ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رکھا ہے۔بل جمع کروانے کے باوجود آٹا چکیوں کے کنکشن کاٹ دیے گئے۔انہوں نے بتایا کہ نئے کنکشن کی بھرمار کر کے اوور لوڈ کر کے ٹرانسفارمر جل جانے کا ملبہ چکی مالکان پر ڈالا جاتا ہے۔ٹرانسفارمر کی تعداد بڑھانے کے بجائے کنکشن بڑھانے اور ہاتھ سے بجلی چوری کروائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف لاک ڈائون نے کاروبار تباہ کردیا ہے، دوسری جانب واپڈا اہلکار تنگ کر کے بے روزگار کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ہمارے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آپہنچی ہے۔چکی والوں کی ہڑتال کی وجہ سے شہر میں آٹا بحران کا خدشہ لاحق ہوچکا ہے۔