آئی بی اے کراچی میں وفاقی بجٹ 2021-22 پر تبادلہ خیال

149

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے)، کراچی نے ملکی معاشی صورتحال اور وفاقی بجٹ 2021-22 کے موضوع پر آئی بی اے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس اکبر زیدی اوروزیر اعظم کے مشیربرائے ادارہ جاتی اصلاحات اور کفایت شعاری ڈاکٹر عشرت حسین کے مابین ڈائلاگ کا انعقاد کیا۔ شرکاء میں فیکلٹی ممبران، طلباء، سابق طلباء، ماہرین تعلیم، معاشیات، اور سفارتی اہلکار شامل تھے۔ ڈاکٹر زیدی نے ملکی معاشی صورتحال اور وفاقی بجٹ 2021-22 کے عنوان سے ایک رپورٹ میں پیش کردہ نتائج کی وضاحت کی۔ اس رپورٹ کو اسکول آف اکنامکس اینڈ سوشل سائنسز آئی بی اے میں شعبہ معاشیات اقتصادیات نے مرتب کیا ہے اور جلد ہی اس کی رونمائی ہوگی۔کوویڈ کے دوران پاکستان کی معاشی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے، ڈاکٹر زیدی نے کہا کہ معیشت میں ترقی ہوئی ہے، لیکن یہ 3.94 فیصد ہونا ممکن نہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ‘انوسٹمنٹ ٹو جی ڈی پی’تناسب 2019-20 میں جی ڈی پی کے 15.3 فیصد سے گھٹ کر 15.2 فیصد رہ گیا ہے۔ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں کمی واقع ہوئی ہے، اور ٹیکس / جی ڈی پی بھی 12.6 سے کم ہو کر 9.6 فیصد رہ گئی ہے۔