قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ میں تبدیلیوں کا امکان

170

لاہور(جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے سینٹرل کنٹریکٹ برائے 2021-22 میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں متوقع ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹرز کے کنٹریکٹ کی مدت 30جون کو ختم ہو گی۔ قومی کرکٹرز کو گزشتہ سال کی طرح نئے کنٹریکٹ یکم جولائی سے ملیں گے۔ ہیڈکوچ، چیف سلیکٹر ،ڈائریکٹر انٹرنیشنل اور چیف ایگزیکٹو مشاورت کریں گے۔ سینٹرل کنٹریکٹ کو دورہ انگلینڈ سے قبل حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق نئیسینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی ترقی اور تنزلی کی جائے گی، وکٹ کیپر محمد رضوان کو اے کیٹیگری ملنے کا قوی امکان ہے، یاسر شاہ کو اے کیٹیگری سے بی یا سی کیٹیگری منتقل کرنے کا امکان ہے، فاسٹ بولر حسن علی، آل رانڈر فہیم اشرف اور عثمان قادر کو کنٹریکٹ ملنے کا امکان ہے، عثمان شنواری اور افتخار احمد کے کنٹریکٹ ختم ہو سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق حارث رئوف اور محمد حسنین کو سی کیٹیگری جبکہ فخر زمان کو بی میں ترقی دی جائے گی، اسد شفیق، شان مسعود اور حارث سہیل کی تنزلی متوقع ہے، ایک فارمیٹ کھیلنے کی وجہ سے سابق کپتان اظہر علی کو اے سے بی کیٹگری میں لایا جا سکتا ہے، فواد عالم کی سی سے بی کیٹیگری میں میں ترقی ہو سکتی ہے۔ محمد نواز، زاہد محمود کے نام بھی کنٹریکٹ کے لیے زیر غور ہوں گے۔