کورونا میں مسلسل کمی ،شرح 2 فیصد سے بھی کم ،مزید 39 اموات

227

اسلام آباد( آن لائن ) ملک میں کورونا وائرس سے مزید 39 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ اس وبا سے متاثرہ نئے کیسز کی شرح 1.90 فیصد تک آگئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 54 ہزار 647 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1043 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اس طرح کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 1.90 فیصد رہی۔ملک میں اب تک کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 946,227 ہوگئی ہے جن میں سے 888,505 مریض شفایاب ہوچکے ہیں۔ گزشتہ روز اس وبا نے مزید 39 افراد کی زندگی کے چراغ بجھادیے ہیں۔ اس طرح ملک میں اب تک کورونا وبا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 21 ہزار 913 ہوگئی ہے۔ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد میں کمی آئی ہے اور فعال کیسز کی تعداد 35 ہزار 809 ہوگئی ہے جب کہ 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ دریں اثناء این سی او سی نے افغانستان سے پیدل آنے اور جانے والوں پر پابندی لگادی۔این سی او سی کے اعلامیے کے مطابق افغانستان کی سرحد پر تمام بارڈر ٹرمینلز گزشتہ روز سے بند کردیے گئے ہیں اور یہ فیصلہ افغانستان میں کورونا کے زیادہ پھیلاؤ کے باعث کیا گیا۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں پہلے سے موجود پاکستانیوں کو واپس آنے کی اجازت ہوگی جبکہ واپس آنے والے پاکستانیوں کو کورونا ٹیسٹ کے بعد آنے کی اجازت ہوگی۔این سی او سی کے اعلامیے کے مطابق پاکستان میں پہلے سے موجود افغان شہریوں کو واپس جانے کی اجازت ہوگی جبکہ میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں افغان شہریوں کو ٹیسٹ کے بعد آنے کی اجازت ہوگی۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں زیرتعلیم افغان طلبہ کو ہدایات سے الگ سے آگاہ کیا جائے گا۔