معاشی و صنعتی ترقی سستی بجلی کی فراہمی سے مشروط ہے،وزیراعظم

251

داسو (آن لائن )وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی ہر طرح مہنگائی لے کر آتی ہے،ملک میں سستی بجلی ملے گئی تو مستقبل میں مہنگائی بھی کم ہوگی، داسو ڈیم سے سستی اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی سے صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے ضلع اپر کوہستان میں دریائے سندھ پر زیر تعمیر داسو ہائیڈرو پروجیکٹ پر جاری کام کا جائزہ لینے کے موقع پر خطاب میں کیا ۔وزیراعظم نے داسو ڈیم کے دورے کے موقع پر مقامی و غیرملکی انجینئرز اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مختصر خطاب میں کہاکہ ملکی ترقی کا بڑا حصہ صنعتی سرگرمیوں سے منسوب ہے اور یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب بجلی سستی ہو۔ انہوں نے کہا کہ داسو ڈیم کی تعمیر میں پاکستانی اور غیرملکی ورکرز کو خوش آمدید کہتا ہوں۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ تربیلا اور منگلا ڈیم کی وجہ سے سستی بجلی پیدا ہوئی اور ملک نے ترقی بھی کی۔انہوں نے کہا کہ سستی بجلی کی فراہمی سے مہنگائی فوری کم نہیں ہوگی جس میں کچھ وقت درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں سستی اور صاف بجلی پیدا ہونے سے ملک کو فائدہ ہوگا، ہمیں بہت پہلے یہ کام کرلینا چاہیے تھا، سستی بجلی ملنے سے عوام کو فائدہ ہوتا۔ عمران خان نے کہا کہ مہنگی بجلی ہر طرح مہنگائی لے کرآ تی ہے، تربیلا اور منگلا ڈیم سے سستی بجلی ملی تھی، 50 سال پہلے صنعتوں کی ترقی کی وجہ ہی سستی بجلی تھی، داسو ہائیڈرو پراجیکٹ سے سستی بجلی ملنے سے مہنگائی بھی آّگے جاکر کم ہوگی اور عوام و صنعتوں کو فائدہ ہوگا، ملک تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، بجلی سستی ہونے سے صنعت کاری ہوگی جس سے دولت میں اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سستی بجلی سے سب سے زیادہ فائدہ صنعت کو ہوگا اور ملک تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔عمران خان نے کہا کہ اس مشکل کام کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ داسو ڈیم کی مجموعی بجلی کی پیداواری صلاحیت 4320 میگاواٹ ہے، پروجیکٹ 2 مراحل میں مکمل ہوگا اور ہر مرحلہ 2160 میگاواٹ پر مشتمل ہے، داسو کے زیر تعمیر پہلے مرحلے کی لاگت 511 ارب روپے ہے، جس سے اپریل 2025 میں بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی اور نیشنل گرڈ کو ہر سال 12 ارب یونٹ سستی اور ماحول دوست بجلی مہیا کرے گا۔