بلدیہ کو مامیں چلا گیا،تاجر برادری کا تعاون ناگزیر ہے ،ایڈمنسٹریٹر حیدرآباد

56
حیدرآباد:ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اعلیٰ کیپٹن(ر) الطاف حسین ساریو ایوان صنعت و تجارت میں تاجروں سے خطاب کررہے ہیں

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کیپٹن (ر) الطاف حسین ساریو نے حیدرآباد ایوان تجا رت و صنعت کے دورے پر صنعتکاروں و تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں تاجر برادری کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھے عزت دی اور مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ سولڈ مینجمنٹ بورڈ کے ذریعے جگہ جگہ جمع کچرے کے ڈھیر کیخلاف آپریشن شروع کردیں گے۔ کسی دور میں بلدیہ امیر ترین ادارہ ہوا کرتا تھا ، بلدیہ کوما میں چلا گیا ہے ، عوام اور تاجر برادری کی ہمہ وقت خدمت کے لیے تیار ہوں، 70فیصد گاڑیاں ،ڈمپر اور ٹریکٹر ٹرالی ورکشاپ میں کھڑی ہیں اور 10برس سے کوئی نئی گاڑیاں نہیں خریدی گئی ، پرانی گاڑیوں کی مرمت پر خرید سے زیا دہ خرچہ ہو رہا ہے ، محدود وسائل عوام کی خدمت میں بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں ، عوامی مسائل کا بخوبی اندازہ ہے ، ادار ے کو پا¶وں پر کھڑا کرنے میں تاجر برادری کے تعاون کی اشد ضرورت ہے ، میں یقین دلا تا ہوں کہ آپ کے فنڈز کا ناجائز استعمال نہیں ہوگا اور یہ فنڈ ز صرف عوام کو فراہم کرنے والی سہولیات پر خرچ کیے جائیں گے ۔ قبل ازیں حیدرآباد ایوان تجا رت و صنعت کے صدر فہد حسین شیخ نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ فرائض بہتر طو رپر انجام دے رہے ہیں، حیدرآباد کے تاجر وفاقی و صوبائی ٹیکس بروقت ادا کر رہے ہیں ، تاجر برادری چاہتی ہے کہ حکومت شہریوں کو بنیا دی سہولیات مہیا کرے ۔ سینئر نائب صدر محمد وسیم جی نے اختتامی کلمات میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کی چیمبر تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا ۔ اجلاس میں سابق نائب صدر پیر الحاج گلشن الٰہی اورا کین شوکت علی سومرو ، رسول بخش تاج ، حفظ الرحمن ، محمد فیضان الٰہی ، حاجی اختیار احمد آرائیں ،یوسف میمن و دیگر نے بھی شرکت کی ۔