ہانگ کانگ : اخبار کے دفتر پر چھاپا‘ 5صحافی گرفتار

243

ہانگ کانگ (انٹرنیشنل ڈیسک) ہانگ کانگ میں پولیس نے ایپل ڈیلی نامی مقامی اخبار کے دفاتر پر چھاپا مارکر 5افراد کو گرفتار کر لیا ۔ خبررساں اداروں کے مطابق زیر حراست افراد میں اخبار کے مدیر اعلیٰ رائن لا بھی شامل ہیں۔ حکام کا الزام ہے کہ اخبار اور اس میں چھپنے والا مواد قومی سلامتی سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔ ایپل ڈیلی کو کئی حلقوں میں آزاد اور جمہوریت نواز اخبار مانا جاتا ہے۔ اس کے بانی جمی لائی گزشتہ برس دسمبر سے زیر حراست ہیں۔پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ گرفتاریاں بیرونی عناصر کے ساتھ ساز باز کر کے قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے شبہے میں کی گئی ہیں۔ اخبار نے 2019 ءمیں شائع کردہ مضامین میں غیر ملکی تنظیموں سے ہانگ کانگ اور چین پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ اخبار سے منسلک کمپنیوں کے تقریباً 23 لاکھ امریکی ڈالر کے اثاثے بھی منجمد کر دیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ یکم جولائی کو اخبار سے متعلق حتمی فیصلے کا امکان ہے ، کیوں کہ یہ دن چین کی کمیونسٹ پارٹی کا سو واں یوم تاسیس ہو گا، اور اسی دن ہانگ کانگ کی برطانوی حکمرانی سے چین کو واپسی کو 24 سال مکمل ہو رہے ہیں۔