امریکا اور یورپ آئین سے اسلامی دفعات نکالنا چاہتے ہیں،عارف شیرازی

208

راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) ممتاز عالم دین،شیخ القرآن و الحدیث اور بانی جامعہ ظلال القرآن مولانا سید معروف شاہ شیرازی نے کہا ہے کہ دینی مدارس اور مساجد اسلام کے قلعے اور مراکز ہیں۔ مسجد اور مدرسے کا اصل مقصد اسلامی انقلاب ہے۔ مدارس کے مہتمم حضرات طلبا کو صاف ستھرا ماحول مہیا کریں۔ بچوں کی ضروریات کا خیال رکھیں اور ان کو بہترین کھانا دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ ظلال القرآن پنڈ ہون میں طلبہ، اساتذہ اور معززین علاقہ کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے مہتمم جامعہ ظلال القرآن اور امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی،امیر جماعت اسلامی ضلع مانسہرہ ڈاکٹر سید طارق شیرازی، جنرل سیکرٹری محمد عثمان آکاش،امیر جماعت اسلامی زون 6اسلام آباد مولانا عزیز الرحمان اور ناظم جامعہ رفیق احمد نے بھی اظہار خیال کیا۔ سید معروف شاہ شیرازی نے کہا کہ بانی جماعت اسلامی مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی رحمتہ اللہ علیہ فقہ اسلامی کی تدوین جدید پر کام کرنا چاہتے تھے۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے جید علما کرام مولانا معین الدین خٹک اور کوئٹہ والے مولانا عبدالعزیز کو کہا کہ درس نظامی کا ایک مختصر نصاب تیار کریں۔جس میں 4 یا 5 کتابیں ہوں۔ اس کو پڑھائیں گے۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ اس وقت امریکا اور یورپ ہمارے آئین سے اسلامی دفعات نکالنا چاہتے ہیں۔مغرب کو اسلام کا سیاسی نظام قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پر امن جدوجہد اور بھرپور ابلاغ کرنا ہے کیوں کہ اللہ کے دین کو مسجد اور مدرسہ سے لے کر منڈی اور بازار کے ساتھ اسمبلی، عدالت اور اقتدار کے ایوانوں تک غالب اور نافذ کیا جائے گا۔ سید عارف شیرازی نے اعلان کیا کہ جامعہ ظلال القرآن آن لائن درس نظامی کا کورس کرانے کے حوالے سے کام کر رہی ہے۔