چین سے 2 کروڑ 75 لاکھ کورونا ویکسین خریداری کا معاہدہ

134

اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان اور چین کے مابین 2کروڑ 75لاکھ سے زاید کورونا ویکسین ڈوز خریداری کے معاہدے طے پاگئے۔ قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے چین سے بڑی مقدار میں کورونا ویکسین کی خریداری کرلی ہے، ویکسین میں سائینوفارم، سائینوویک اور کین سائینو شامل ہیں۔قومی ادارہ صحت کے مطابق کورونا ویکسین کی خریداری چین سے کی گئی ہے، چین سے 2 کروڑ 75 لاکھ سے زاید ڈوز خریداری کے معاہدے طے پائے ہیں، چینی کمپنیز سے خام مال اور تیار کورونا ویکسین کی خریداری کی گئی ہے۔این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ سائینو فارم کی 2کروڑ 30لاکھ ڈوز کی خریداری کا معاہدہ طے پایا ہے، سائینوفارم پاکستان کو دسمبرتک مرحلہ وار ویکسین فراہم کرے گی جبکہ کین سائنو سے 20 لاکھ سے زاید تیار ویکسین اور خام مال کا معاہدہ طے پایا ہے، پاکستان نے سائنو ویک سے ویکسین کی 25لاکھ ڈوز کی خریداری کی ہے۔واضح رہے کہ 9 جون کو وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے 1 ارب ڈالر کی منظوری دی گئی تھی، اجلاس میں 1 ارب ڈالر کی کین سائنو، سائنوفارم، سائنو ویک، فائزر ویکسین خریدنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔