جیکب آباد،پانی کی چوری اور بے امنی کیخلاف جے یو آئی کا احتجاج

255

جیکب آباد(نمائندہ جسارت)زرعی پانی کی چوری ،کرپشن ،بے امنی کے خلاف جے یو آئی کا زبردست احتجاج ،کارکنان نے بینر اور پلے کارڈز اٹھا کر شہر کے راستوں پر مارچ کیا،سندھ اور وفاقی حکومت کے خلاف نعرے ۔تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے سندھ کے مسائل کے حل کیلیے ایک احتجاجی مظاہرہ ضلعی دفتر سے پریس کلب جیکب آباد تک ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری کی قیادت میں نکالا گیا۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز تھے ،جن پر کرپشن نامنظور، بیامنی ختم کرو، پانی کی چوری بند کرو جیسے نعرے درج تھے ۔مظاہرین نے شہر کے مختلف راستوں شاہی بازار، بانو بازار، سٹی تھانہ روڈ، قائد اعظم روڈ سے ہوتے ہوئے شہر کے اہم ڈی سی چوک پر دھرنا دیکر چاروں طرف سے روڈ بلاک کردیا، بعد میں پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا جس کے باعث ٹریفک معطل ہو گیا۔اس موقعے پر ڈاکٹر اے جی انصاری،مفتی عبدالشکور کھوسہ،مولانا سلیم اللہ بروہی، مولانا عبدالجبار رند،اسداللہ حیدری، مولانا تاج محمد بھٹی، مفتی عبدالسلام بھٹو، عبدالرزاق بنگلانی، قاضی عنایت اللہ مہر، مولانا عبد المجید کوسو، مولانا وزیر احمد سیانچ، مولانا شبیر احمد شیخ، چاکر خان جکھرانی، تاج محمود امروٹی، محکم الدین بروہی، عبیداللہ سندھی، محمدمعاویہ بنگلانی، محمد موسا مہر اورعبداللہ رند و دیگر نے خطاب میں کہا کہ وفاقی حکومت کی طرح سندھ حکومت نے بھی سندھ کو تباہی کے کنارے پر پہنچا دیا ہے، کرپشن اور اقربا پروری عروج پر ہے،ترقیاتی فنڈ صرف اپنی جیبوں اور تجوریوں میں بھرے جاتے ہیں، جس کی وجہ سے عوام کے بنیادی مسائل حل ہونے کے بجائے بڑھ رہے ہیں،سندھ میں بے امنی عروج پر ہے ہر جگہ گندگی کے ڈھیرنے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے زرعی پانی وڈیرے اور بااثر چوری کررہے ہیںاور شہریوں کو پینے کا بدبودار پانی فراہم کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ کی تعلیم اور صحت تباہی کے کنارے پر پہنچ چکی ہے۔