ایشین تائیکوانڈو چمپئن شپ، ہارون خان نے برونز میڈل جیت لیا

185

بیروت (جسارت نیوز) پاکستان کے ہارون خان نے 24ویں ایشین تائیکوانڈوچمپئین شپ میں برونز میڈل جیت لیا۔ کوارٹرفائنل میں ہارون خان نے ٹیکنیکل بنیاد پر تاجکستان کے شاہ رخ باروتو کوشکست دیکرسیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا ۔کوارٹر فائنل کے دوسرے راؤنڈ میں تاجکستان کے شاہ رخ باروتو نے ہارون خان کے ناک پرمکّامار کرانہیں شدید زخمی کردیااس موقع پر ہارون خان کو اپنے مدمقابل پر 18 کے مقابلے میں 27 پوائنٹس کی برتری حاصل تھی واضح رہے کہ تائیکوانڈو کے قوانین کے مطابق ناک پر مکّا مارنا کھیل کی سنگین خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے میچ ریفری نے فوری طور پر مقابلہ روک کر ہارون خان کو فاتح قرار دے دیا۔ ہارون خان کو فورا بیروت کے نوٹرے ڈیم یونیورسٹی اسپتال لیجایاگیا سجہاں ڈاکٹرزنے انہیں فوری طبّی امدادفراہم کی اور ان کے ایکسرے لیے گئے ہارون خان زخمی ہونے کے باوجود سیمی فائنل کھیلنا چاہتے تھے مگر ڈاکٹرز نے انہیں سیمی فائنل میں حصّہ لینے کی اجازت نہیں دی۔ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کی بناء پر ہارون خان برونزمیڈل کے حقدار قرارپائے ۔