ملتان اسپورٹس کمپلیکس میں اسکواش کورٹ کی جگہ مختص

184

ملتان(جسارت نیوز)ڈویژنل انتظامیہ نے اسکواش کے فروغ بارے عملی اقدامات کا آغاز کردیا۔کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود نے ملتان اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا اورا سکواش کورٹ کی تعمیر کی جگہ کوحتمی شکل دیدی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسپورٹس کمپلیکس میں 2اسکواش کورٹ بنائے جائیں اور ڈویژنل اسپورٹس افسر فیزیبلٹی رپورٹ کمشنر آفس جمع کروائے۔کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ وطن عزیز نے نصف صدی سے زائد عالمی اسکواش پر اپنی حکم رانی قائم رکھی ہے۔پاکستانی کھلاڑیوں کے بغیر اسکواش کی تاریخ نامکمل ہے۔ کھیلوں کی دنیا کا پہلا اعزاز اسکواش نے پاکستان کو دلوایا مگر بد قسمتی سے حالیہ برسوں میں اسکواش پاکستان میں زوال پذیر ہے۔اس کھیل کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرکے آگے بڑھنے کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرنے کیلئے اسکواش کورٹ بنائے جارہے ہیں۔ تمام ڈپٹی کمشنرز کو اسکواش کورٹ بنانے کا بھی ٹاسک دیدیا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوان کو مناسب پلیٹ فارم اور سہولیات فراہم کر کے اسکواش کی دنیا میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ کمشنر نے ضلعی اسپورٹس کمپلیکس میں زیر تعمیر مسجد اور فٹ بال گراونڈ پویلین کا بھی جائزہ لیا۔ڈویژنل اسپورٹس افسر رانا ندیم انجم، ضلعی اسپورٹس افسر عدنان نعیم نے ترقیاتی اسکیموں بارے بریفنگ دی۔